Saturday, June 14, 2014

میڈیا : غلط رپورٹنگ کے بھیانک نتائج



کراچی ایئرپورٹ حملہ ، کیا آپ جانتے ہیں ذمہ داری کس نے قبول کی؟
عمر خراسانی نام کی ٹویٹر پروفائل نے! یہ بندہ کون ہے، اس کا ٹی ٹی پی سے کیا تعلق ہے، تعلق ہے بھی کہ نہیں، کہیں یہ جعلی پروفائل تو نہیں، یہ سب جانے بغیر اس پروفائل پر ابھرنے والے میسج کو یہ کہہ کر کہ رپورٹ کردیا جاتا ہے کہ ذمہ داری قبول کرلی گئی. کیا وہ اس کالعدم تنظیم کا ترجمان ہے؟ نہیں پھر کیوں یہ غیر ذمہ دارانہ رویّہ؟
اگلے دن پہلوان گوٹھ میں دو جرائم پیشہ گروپوں میں مسلّح تصادم ہوتا ہے، میڈیا پھر الرٹ ہوجاتا ہے، اے ایس ایف کے جوان حرکت میں آجاتے ہیں اور عمر خراسانی کی پروفائل پر لکھا آتا ہے کہ "ہم دوبارہ آگئے" اور فوراً ہی میڈیا رپورٹ کردیتا ہے کہ ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی. ویل ڈن میڈیا! !
اسلامک موومنٹ آف ازبکستان بھی اگلے روز حملے کی ذمہ داری قبول کرلیتی ہے، ہم سمجھے شاید اب میڈیا اپنی غلطی پر نادم ہوتا ہے کے غلط رپورٹنگ ہوئی لیکن یہاں اپنی غلطیوں کو دیکھنے اور درست کرنے کی کسے فرصت ہے، رپورٹ کردو ورنہ کوئی اور رپورٹ کردیگا، لہذا فوراً رپورٹ کردیا جاتا ہے اور چلا چلا کر دنیا کو بتایا جاتا ہے کہ یہ نیوز سب سے پہلے ہم نے بریک کی... اب صحیح ہے یا غلط لیکن بریک ہم نے کردی، ذرائع معتبر ہیں یا غیر معتبر، لیکن پہلے ہم نے بریک کردی... غیر ذمہ داری کی حد ہوگئی!
بتانے کی وجہ یہ نہیں کہ ہمیں کسی سے ہمدردی ہے بلکہ جب بھی پاکستان میں کسی مسئلہ کو بنا تحقیق رپورٹ کیا جاتا ہے تو اس کی وجوہات الگ ہی ہوتی ہیں، اور میڈیا کی اس رپورٹنگ کا نتیجہ بھیانک نکلتا ہے. سوات کی کوڑے مارنے والی جعلی ویڈیو نے بھی آپریشن کا جواز فراہم کردیا اور اس آپریشن نے پورے ملک میں اس جنگ کو پھیلا دیا. بعد میں غلط رپورٹنگ کی غلطی تسلیم کی گئی لیکن کیا لگنے والی آگ بجھ گئی؟ یہ غلط رپورٹنگ صرف پاکستان میں نہیں بلکہ ساری دنیا میں استعمال ہوتی رہی ہیں، اس ہی طرح کی ویڈیو امریکہ کے افغانستان پر حملے سے پہلے بھی ریلیز ہوئی تھی. اور اس ہی طرح کی غلط رپورٹنگ عراق میں کیمیاوی ہتھیار کے بارے میں بھی چلیں ...
بات دور نکل گئی، اگلے روز ہم دیکھتے ہیں ملک کے سب سے "محب وطن" چینل اےآروائی کے رپورٹر پوزیشن پر کھڑے سیکیورٹی اہلکار کے منہ میں مائیک گھسا کر سوال کرتے پائے جاتے ہیں. کیا ان کیلئے پیمرا قوانین مرتّب نہیں کرتا یا پھر محب وطنی کی اجرت میں انہیں ہر طرح کا استثنی حاصل ہے؟
میڈیا کو بہت ہی غلط پیرائے میں استعمال کرکے آپریشن کے حق میں رائے ہموار کی جارہی ہیں لیکن یہ سب کون کررہا ہے، یہ نہ ہمیں معلوم ہے نہ کسی اور کو لیکن یہ ضرور ہے کہ یہ لوگ پاکستان کے حق میں نہیں کررہے کیوں کہ پاکستان کا مفاد ایک پائیدار امن میں ہے جو کہ ملک میں بندوق کے استعمال سے قائم ہوتا نظر نہیں آتا.

ابنِ سیّد

No comments:

Post a Comment

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...

Facebook Comments