Monday, October 7, 2013

شریف آدمی....



کچھ عرصہ پہلے کی بات ہے ایک جگہ سے گزر رہا تھا کہ چند بائیک سواروں نے روکا اور موبائل چھیننے کی کوشش کی،تمہیں تو پتا ہے میں ایک "شریف آدمی" ہوں میں نے مزاحمت نہ کی اور چپ چاپ موبائل دے دیا.
ایک عرصہ پہلے کی بات ہے کہ میں ایک جگہ سے گزر رہا تھا رستے میں دیکھا کہ ایک شخص کسی خاتون کے ساتھ بد تمیزی کر رہا ہے. ایک لمحے کو تو میں رکا لیکن تمہیں تو پتا ہے میں ایک "شریف آدمی" ہوں لہذا میں نے عافیت اسی میں سمجھی کے چپ چاپ گزر جایا جائے.
اور پھر بقر عید کے وہ دن عید کی نماز کے بعد ہم گھر کو آئے کہ اپنی قربانی اللہ کی راہ میں پیش کریں، بڑے چاؤ سے بکرا لیکے آئے تھے کہ اتنے میں چند سیاسی پارٹی کے لوگ آئے کہنے لگے صاحب "خدمتِ خلق" میں آپ بھی حصہ ڈالیں، کھال ہم آ کے لے جائیں یا یونٹ آپ خود پہنچا دینگے؟ تمہیں تو پتا ہے میں ایک "شریف آدمی" ہوں لہذا میں نے خود کھال انہیں پہنچائی.
اکثر میں دیکھتا ہوں لوگ مجھ سے کسی مدد کا مطالبہ کرتے ہیں، کسی زخمی کو سڑک پر پڑا دیکھ لوں، یا کوئی اور پیچیدہ مسئلہ ہو لیکن میں انکی مدد سے قاصر ہوتا ہوں... تمہیں تو پتا ہے میں ایک "شریف آدمی" ہوں ..
(ابن سیّد)

No comments:

Post a Comment

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...

Facebook Comments