Monday, November 25, 2013

میری بنائی ہوئی ویبسائٹ - Error 404

 میری بنائی ہوئی ویبسائٹ
Erorr-404
 
یہ لکھتے ہوئے مجھے بہت عجیب لگ رہا ہے لیکن شاید یہ پڑھ کر کسی کی اصلاح ہوجائے لہذا اس نیت سے بیان کئے دے رہا ہوں ...
میں نے تقریباً گیارہ سال کی عمر میں کمپیوٹر کا استعمال شروع کیا. تیرہ سال کی عمر میں انٹرنیٹ کا استعمال، ویب ڈیزائننگ بھی اسی دور میں شروع کی، اس ہی درمیانی عرصہ کی بات ہے میں نے ایک ویب سائٹ بنائی، اس وقت اتنا کچھ دین کا علم نہیں تھا لہذا اس ویبسائٹ میں گانوں، گلوکاروں کے حوالے سے بھی کافی لِنک اور مواد رکھا ہوا تھا.
زندگی رواں ہوگئی اور ہم پڑھائی وغیرہ میں مصروف، کچھ دن پہلے عرصہ بعد دوبارہ اس ویبسائٹ کا خیال آیا. چیک کرنے پر پتا چلا کہ Geocities جو کہ یاھو! کا پراجیکٹ تھا وہ بند ہوچکا ہے. ایک پرائیوٹ ویبسائٹ Oocities نے وہ تمام پیجس اپنے پاس آرکائیو کرلئے ہیں.
Oocities.com/owaisjal کھول کے دیکھا تو میری بنائی ہوئی ویبسائٹ میرے سامنے تھی کافی دیر تک دیکھتا رہا، تمام پیج دیکھے، عجیب و غریب نقش و نگاریاں اور جاوا اسکرپٹس کی کارستانیاں دیکھتا رہا. پھر گانوں کے لِنکس پر نظر پڑی، کچھ دیر سوچا اور پھر Oocities کے مین پیج پر گیا سامنے ہی لکھا تھا کہ ہم آپکی پرائیوسی کی قدر کرتے ہیں اگر آپ اپنی ویبسائٹ بند کرنا چاہیں تو رابطہ کریں. میں نے ای میل میں لکھا کہ میں یہ ویبسائٹ ختم کرنا چاہتا ہوں، جواب آیا کہ کوئی مخصوص پیج یا تصویر یا لِنک یا پھر مکمل ویبسائٹ؟ مکمل ویب سائٹ، میرا جواب تھا!  کچھ دن بعد کسی ششمیتا کی ای میل موصول ہوئی جس میں لکھا تھا کہ وہ ویبسائٹ نہ صرف ویب بلکہ ان کہ ریکارڈ، آرکائیو سے بھی ہٹا دی گئی ہے.
اس مرتبہ لِنک کھول کر دیکھا تو Error 404 سامنے آگیا. دل کو تسلی سی ہوئی، اپنی تخلیق کی گئی چیز کو ختم کرنا جیسا فیصلہ کرنا مشکل کام ہے لیکن جو خالقِ کائنات کی مرضی ہو اسکے سامنے سر تسلیم خم کردینا ہی صحیح ہے.
شاید اس سے ان لوگوں کو کچھ احساس ہو جو انٹرنیٹ پر اچھی بری ہر طرح کی چیز کچھ سوچے بغیر ڈال دیتے ہیں یہ سوچے بغیر کہ اس کے اثرات کیا ہونگے. اگر آپ کی بھی ایسی ویبسائٹ یا ویب پیج موجود ہے تو اسکا بھی کچھ بندوبست کریں. اللہ ہم سب کو ہدایت دے.
ابنِ سیّد

No comments:

Post a Comment

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...

Facebook Comments