Image taken from here |
کیا خیال ہے ایک ایسے انسان کے ساتھ رہنے کا جو اپنے چلبلے پن سے آپکو پریشان کر کے رکھ دے، کبھی چیزوں کو توڑ دے تو کبھی قیمتی اشیاء کو نقصان پہنچا دے، کبھی دوسروں کو تو کبھی خود کو نقصان پہنچا دے. کیا آپ رہ پائیں گے؟
کیا رویہ ہونا چاہئے ایسے انسان کیلئے جو اپنی پڑھائی کرنے کیلئے آپ سے تمام مدد لے اور آپکی جان کھا جائے لیکن جب کامیابی سے ہمکنار ہو تو آپکو بھول کر اس کامیابی کا سارا کریڈٹ بس خود کو دے. اپنے آپ کو سیلف میڈ کا تمغہ پہنائے بلکہ اس سب پر بھی آپکو اس کو مبارک دینا پڑے.
اور کیا آپ رہ پائیں گے ایسے انسان کیساتھ جو نوکری کر کے گھر آئے تو اس طرح رویہ رکھے جیسے اس نے کوئی بہت بڑا معرکہ سرانجام دیا ہو، اپنے سارے کام آپ سے کروائے، یہاں تک کہ پانی بھی آپکو اسے پیش کرنا پڑے اور شاید اس پر بھی وہ آپکا شکریہ ادا کرنے کے بجاۓ اعتراضات کرے کہ پانی ٹھنڈا کیوں نہیں اور کھانے میں نمک کیوں برابر نہیں؟ تو کیا آپ میں اس قدر برداشت ہے کہ اس سے مسکرا کر کہ سکیں کہ چلو کل پانی بھی ٹھنڈا ہوگا اور نمک بھی برابر ...
میرا خیال ہے بہت سے لوگ کہیں گے کہ ایسے بدتمیز، اکھڑ مزاج، ناشکرے انسان کی پرواہ کرنے سے بہتر ہے کہ پہلی فرصت میں اس انسان پر لعنت بھیجی جائے ..
اور اگر میں کہوں کہ یہ کام ایک نہیں بلکہ دنیا میں ہزاروں، لاکھوں انسان ان ہی طرح کے افراد کیلئے یہ کام کر رہے ہیں، اور بہت خوش اسلوبی سے ذمہداریاں اور خدمات نبھا رہے ہیں!
یقیناً آپکا جواب ہوگا کہ کوئی پاگل ہی یہ کام کرسکتا ہے!
اس جذبہ کا کچھ بھی نام رکھ دیں پاگل پن یا پھر "مامتا". دنیا بھر میں لاکھوں ہزاروں مائیں اپنے بچوں کے اس طرح کے رویہ، بدتمیزی، اکھڑ مزاجی، موڈی پن اور ناشکرے مزاج کو سہتی ہیں مگر پھر بھی جواب میں صرف محبت ہی محبت لٹاتی جاتیں ہیں، ہمارے بچپن میں اپنی نیندوں کو قربان کرکے، ہمارے لڑکپنے میں ہماری شرارتوں کو برداشت کرکے،جوانی میں ہمارے سخت رویّوں کو سہہ کر، اور بڑے ہوجانے پر ہمارے حاکمانہ رویّہ کو دیکھ کر، پھر بھی جواب میں ہمیں محبت، اچھی تربیت، ہماری دنیا اور آخرت سدھا دینے کی لگن لئے، کیا اس دنیا میں اس طرح کے رشتے کی اور کوئی مثال موجود ہے؟
یا پھر شاید کوئی اور اتنا "پاگل" نہیں
ابنِ سیّد
Image Taken From Here
Also read this pictures actual story from Here
No comments:
Post a Comment